لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کا امکان ہے۔
انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد اظہر علی نے پی سی بی کے مشورے پر قومی ٹیم کی قیادت سے دستبرار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں موجود اظہر علی نے کپتانی کے معاملے پر اہل خانہ اور دوستوں سے مشاورت کی ہے اور پی سی بی کے مشورے سے کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اظہرعلی کی جانب سے 10 ستمبر کو وطن واپسی کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان متوقع ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیزکے خلاف یو اے ای میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سرفرازاحمد کپتان ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2015 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ اظہر علی کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، اظہر علی 23 میچز میں قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں جس میں سے 15 میں گرین کیپس کو شکست جب کہ 8 میں کامیابی ملی۔