عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریض ذلیل و خوار ہونے لگے

گجرات (ضیاء سید سے) عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریض ذلیل و خوار ہونے لگے ، کوئی بھی پوچھنے والا نہیں تفصیلات کے مطابق حکومت بدلتے ہی سرکاری اداروں کے افسران کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے ملازمین نے بھی شکر ادا کیا ہے کہ اب ہمیں کوئی پوچھنے والا نہیں عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے ساتھ نہ صرف ہسپتال کے عملہ بلکہ ڈاکٹروں کا بھی رویہ انتہائی ہتک آمیز اور ناروا ہے۔

سرکاری ہسپتال میں غریب مریضوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں اور نہ ہی کوئی مسیحا ہسپتال میں آنے والے افراد کی داد رسی کو تیار ہے ، ایم ایس عزیز بھٹی ہسپتال ڈاکٹر طاہر نوید بھی سائلین کی شکایات کا ازالہ نہیں کر سکتے ، جبکہ آرتھو پیڈک وارڈ میں انچارج ڈاکٹر وضاحت حسین کی موجودگی میں رشوت لیکر مریضوں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے ادویات اور ڈریسنگ کی جاتی ہے ، یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک کی شکایات میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جس کو محکمہ صحت کے افسران جاننے کے باوجود عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ، اور خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈی سی او گجرات اور دیگر افسران اگر مسلمان ہیں تو اور درد دل رکھتے ہیں تو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے مریضوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں اور ہسپتال کے عملہ کا قبلہ درست کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں تا کہ غریب مریضوں کو بھی کوئی ریلیف حاصل ہو سکے۔