انتخابی عذرداری کا فیصلہ کل 30 جنوری بروز جمعرات کو سنائے جانے کا امکان

جھنگ : صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے وومن ڈویلپمنٹ و ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کا فیصلہ کل 30 جنوری بروز جمعرات کو سنائے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ حلقہ سے راشدہ یعقوب شیخ زوجہ شیخ محمد یعقوب کے مخالف امیدواروں اہل سنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی، شیخ دانیال اقبال ولد شیخ ظفر اقبال ، سعید اختر وغیرہ کی جانب سے انتخابی عذرداری دائر کی گئی تھی جس کی سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل آباد میں قائم کردہ ریجنل الیکشن ٹربیونل جاوید رشید محبوب نے کی۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ تاریخ پیشی پر عذرداری کی سماعت مکمل ہو نے پر فیصلہ سنایاجاناتھا مگر موصوفہ کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث فیصلہ نہ سنایا جا سکا جس کے باعث توقع ہے کہ انتخابی عذرداری کا فیصلہ کل سنا دیا جائیگا۔

یاد رہے کہ 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں حلقہ پی پی 78جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب شیخ نے کل 148725 ووٹوں میں سے 18755 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مخالف قریب ترین امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 16933 ووٹ حاصل کئے تھے۔ اس حلقہ میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 85851 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 62817 تھی۔