پاک پتن (جیوڈیسک) صوفی بزرگ بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے 772 ویں سالانہ عرس کی تقریبات پاک پتن میں عروج پر ہیں۔
بہشتی دروازہ کھول دیا گیا ہے۔ دربار بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے بہشتی دروازے کی قفل کشائی کی رسم ادا کی، اور زائرین میں شکر اور پیچے تقسیم کیے۔
تقریب میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، دربارحضرت نظام الدین اولیاء دہلی اوردرگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سجادہ نشین بھی شریک ہوئے۔ عرس پر زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔اضافی نفری،نائٹ وژن سی سی ٹی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور رضاکاروں کی فوج کو کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
بہشتی دروازہ 9 محرم تک کُھلا رہے گا۔ اختتامی تقریب 10 محرم کو ہو گی جس میں مزار کو صندل اور عرق گلاب سے غسل دیا جائے گا، جس کے بعد مزار کا نوری دروازہ 40 یوم کیلیے بند کر دیا جائے گا۔
بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ زندگی بھر دین اسلام، محبت اور امن کی تعلیمات عام کرتے رہے، یہی وجہ ہے کہ آج ساڑھے سات سو سال بعد بھی لوگ ان کے مزار پر بنے بہشتی دروازے سے گزر کر ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔