دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان پاکستان کے بابر اعظم کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 12 رکنی ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے، ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
12 رکنی اسکواڈ میں دو پاکستانی، تین آسٹریلین، دو انگلش، دو سری لنکن، دو جنوبی افریقی اور ایک کیوی کھلاڑی شامل ہے۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب آئی سی سی کے پانچ رکنی پینل نے کیا جس میں حیران کن طور پر ایک بھی بھارتی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا اور یہ پہلی بار ہوا کہ آئی سی سی کے کسی ایونٹ کے بعد بننے والی ٹیم میں ایک بھی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
بھارتی ٹیم سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی، ایونٹ کے آغاز پر انڈیا کو پاکستان اور نیوزی لینڈ نے شکست سے دوچار کیا تھا۔
تاہم پاکستان کے محمد رضوان اس اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے کیونکہ جوز بٹلر، ڈیوڈ وارنر اور بابر اعظم بطور اوپنر اس اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اوپنر محمد رضوان فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔