لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) فٹنس بحالی پروگرام کیلیے بابر اعظم اور شاداب خان نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کریں گے جب کہ کپتان جنوبی افریقہ کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے کرائسٹ چرچ سے آکلینڈ پہنچ کر وطن واپسی کے لیے سفر ہفتے کو شروع کردیا تھا، کھلاڑی اور معاون اسٹاف ارکان کی دبئی سے مختلف فلائٹس کے ذریعے اپنے شہروں کو فلائٹس شیڈول ہیں، ہیڈکوچ مصباح الحق،اظہر علی، عابد علی،فہیم اشرف، محمد عباس، نسیم شاہ، عمران بٹ، ظفر گوہر، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان لاہور، حارث سہیل سیالکوٹ، بیٹنگ کوچ یونس خان، سرفراز احمد، شان مسعود، فواد عالم اور سہیل خان کراچی پہنچیں گے، پاکستان شاہینز کا اسکواڈ جمعے کو ہی وطن واپس پہنچ گیا تھا، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور شاداب خان بھی ساتھ ہی آگئے تھے۔
دوسری جانب وطن واپس آنے والے ان فٹ قومی کرکٹر اب ہائی پرفارمنس سینٹر میں بحالی کیلیے کوشاں ہوں گے، بابر اعظم پیر کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، میڈیکل چیک اپ کے بعد بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے ساتھ پریکٹس سیشن کرسکیں گے۔ بابر اعظم انگوٹھے کی تکلیف سے نجات کے بعد نیوزی لینڈ میں ہلکی بیٹنگ پریکٹس کررہے تھے، اب باقاعدہ بیٹنگ پریکٹس کرکے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل مکمل فٹنس حاصل کریں گے۔
شاداب خان منگل کو ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچ کر انجری کا معائنہ کرائیں گے، لیگ اسپنر کو ڈاکٹر نے 6ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا، اس لیے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا حصہ بننا تو ممکن نہیں لیکن بحالی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے 20فروری کو شروع ہونے والی پی ایس ایل میں کا حصہ بنیں گے، نیوزی لینڈ میں ہی ان فٹ ہونے والے اوپنر امام الحق کی فٹنس بحال کرنے کیلیے کام جاری ہے۔
بابر اعظم اور امام الحق کی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں شرکت یقینی ہے، قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 14جنوری کو متوقع ہے۔