بابر غوری کا کشمیر ریلی میں بلاول کے ساتھ نازیبا سلوک پر اظہار افسوس

Babar Ghauri

Babar Ghauri

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بابرخان غوری نے لندن میں ہونے والی کشمیر ریلی میں بلاو ل زرداری کے ساتھ بعض عناصرکی جانب سے کیے جانے والے نازیبا سلوک پرسخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کے ساتھ بعض عناصرنے جوسلوک کیا ہے مجھے اس واقعہ کا بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواہ وہ دنیا کے کسی بھی خطہ میں ہوں انہیں اپنے جذبات قابو میں رکھتے ہوئے مخالفین کو برداشت کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے بھی اس افسوسناک واقعہ پر دلی ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ بابر غوری نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے بھی اپیل کی کہ سندھ میں انتظامی یونٹس یعنی نئے صوبوں کے قیام کے سلسلے میں محاذ آرائی کے بجائے افہام وتفہیم کے ذریعے میز پر بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کرلیا جائے تو یہ سندھ او رسندھ کے عوام کے مفاد میں ہوگا۔ بابر غوری نے حیدر آباد میں تحریک انصاف کے دفتر پر بھی بعض عناصر کے حملے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔