کراچی (جیوڈیسک) فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی لیجنڈ اداکارہ بابرہ شریف نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ایک کروڑ روپے طلب کر لیا ہے۔ ٹی وی کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید کے شوہر شاہد شفاعت اپنے فلمی کیریئر کی بطور ہدایتکار پہلی زیر تکمیل فلم ‘‘ٹو پلس ٹو ’’ کی ہدایات دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ فلم ساز نے اداکار بلال اشرف کی والدہ کے کردار کے لئے بابرہ شریف کو آفر دی تھی۔ مذکورہ فلم کی عکسبندی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ اس وقت بابرہ شریف نے وقت مانگا تھا لیکن اب جب ان کے مناظر فلمانے کا وقت آیا تو انہوں نے پرڈیوسر سے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ایک کروڑ مانگ لیا ہے۔
فلم میں راک سٹار علی عظمت کے علاوہ سینئر اداکار مصطفی قریشی، بلال اشرف اور دیگر بھی کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے نمائندہ دنیا نے ہدایتکار شاہد شفاعت سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس کا جواب پرڈیوسر ہی دے سکتا ہے جبکہ علی عظمت نے بتایا کہ وہ لیجنڈ اداکارہ ہیں۔ پرڈیوسر نے ان کی جگہ کسی اور آرٹسٹ کو لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کردار کے لئے کئی فنکاراؤں سے رابطے جاری ہیں۔