اسلام آباد (جیوڈیسک) باچا خان یونی ورسٹی پر حملے کی یاد میں آج ملک بھر میں سوگ منایا جا رہا ہے اور تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔
باچا خان یونی ورسٹی پر حملے کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے اور پارلیمنٹ، ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس اور صوبائی اسمبلیوں سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
اس کے علاوہ صوبائی سطح پر خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جب کہ پنجاب میں ایک اور آزاد کشمیر میں 2 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سانحہ چار سدہ پر پنجاب بار کی اپیل پر صوبے بھر میں وکلا برادری یوم سوگ منا رہی ہے جس کے باعث اہم مقدمات کے علاوہ دیگر تمام کیسز کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے جب کہ کراچی میں بھی وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سانحہ چارسدہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔