چارسدہ (جیوڈیسک) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر کی صدرات میں اعلیٰ سطح کے اجلاس نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی۔ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر مستعفی ہونے سے بھی انکار کردیا گیا۔
فیکلٹی ممبران کے اجلاس نے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے تک یونیورسٹی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر فضل رحیم کی صدرات میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس نے تحقیقاتی کمیٹی میں تمام سرکاری ملازمین شامل کئے جانے اور یونی ورسٹی کے کسی بھی نمائندے کو شریک نہ کرنے پر تحقیقاتی کمیٹی کو مسترد کردیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وائس چانسلر اور سیکیورٹی انچارج استعفیٰ نہیں دیں گے۔ صدر آل پبلک سیکٹر یونیورسٹیز خیبرپختونخوا محمدالیاس کا کہنا تھا کہ دہشت گرد واقعے کے رد عمل میں کسی بھی ملازم کو برطرف کئے جانے پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب یونی ورسٹی کے فیکلٹی ارکان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملنے تک یونی ورسٹی بند رکھی جائے گی۔ ارکان کا مطالبہ تھا کہ یونی ورسٹی پر حملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایاجائے اور فیکلٹی ارکان کو فری اسلحہ لائسنس جاری کیا جائے۔