لاہور(جیوڈیسک)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ اورڈاکے ڈالنے والوں کاحساب ضرورہوگا،قوم کیساتھ جوزیادتی ہوئی اس پرآئین وقانون کے تحت کارروائی ہوگی، ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)پورے ملک میں اکثریتی پارٹی بن کرابھری ہے۔
ذرائع کے اس سوال پر کیا آپ صدرآصف زرداری پرمزیدتنقید کریں گے انھوں نے کہا کہ الیکشن ختم ہوچکا،الیکشن کی تلخیاں بھلادینی چاہییں،ہم نے اخلاقیات سے عاری کسی بات کاجواب نہیں دیا،ہم ملک کی تعمیروترقی کیلیے شب وروزکام کاعزم رکھتے ہیں،شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دوستوں کیساتھ مل کرحکومت بنائیں گے،قومی معاملات پرآئین اورقانون کے مطابق عمل کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کوپیپلز پارٹی نے نامزدکیاتھا،ہم نے انہیں دل سے قبول کیا،نجم سیٹھی نے چپراسی سے اعلی عہدیداروں تک کوتبدیل کیا،لیکن ہم نے نجم سیٹھی سے کوئی شکایت نہیں کی،ایک سوال پرسابق وزیراعلی نے کہا کہ یورپی یونین کہہ چکی ہے کہ 90 فیصد نتخابات شفاف ہوئے۔
بعض پارٹیوں کوہماری کامیابی ہضم نہیں ہورہی،مجھے دوبارہ وزیراعلی پنجاب بنانیکافیصلہ نوازشریف اورپارٹی کریگی،جنھوں نے ہمارے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے ہم نے انہیں معاف کیا،مسلم لیگ (ن)بلوچستان میں بھی دوسری بڑی پارٹی بن گئی ہے،آزاد ارکان سے مذاکرات جاری ہیں۔