لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے ٹرانسپورٹروں نے لاری اڈے کے بعض اسٹینڈز بند کئے جانے کے خلاف اور دیگر مطالبات منوانے کے لئے بادامی باغ میں شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبات منظور نہ ہونے پر 8 اپریل کو پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
لاری اڈہ بادامی باغ کے 14 سٹینڈز ضلعی انتظامیہ نے سریے لگا کر بند کر دیئے جبکہ بسوں پر 200 روپے پارکنگ فیس بھی لگا دی۔ اڈے پر قائم کئی ورکشاپس ختم کر دی گئیں۔ اس اقدام کے خلاف ٹرانسپورٹر اور ورکشاپ مالکان سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ عائشہ ممتاز کا کہنا تھا کہ کچھ راستے سیکورٹی کے پیش نظر بند کئے ہیں، جبکہ ورکشاپس کی سرکاری جگہ واپس لینا حکومت کا حق ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ 3 اپریل کو پریس کلب کے سامنے دھرنا دیں گے جس کے بعد پہیہ جام ہڑتال بھی ہو گی۔