پشاور (جیوڈیسک) بڈھ بیر حملے میں شہید فضائیہ کے تئیس پاک فوج کے کیپٹن سمیت تین اہلکار اور تین شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، سپاہی محمد صہیب کو راولپنڈی جبکہ پیش امام فضل امین اور ائیر فورس کے اہلکار اسرار اللہ کو مردان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔
شہید جونیئر ٹیکنیشن شان شوکت کو فیصل آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پشاور میں بڈھ بیر ائیر فورس کیمپ پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد صہیب عباسی کی نماز جنازہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک للیال میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
پاک فوج کے بگلرز نے ماتمی دھن بجائی ، شہید کو پاک فوج کے دستے نے سلامی دی۔ شہید پیش امام مولوی فضل امین کی نماز جنازہ مردان میں آبائی علاقے مایار میں ادا کی گئی ۔ ایئر فورس کے شہید اہلکار اسرار اللہ کو گڑھی کپورہ مردان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت کو فضائیہ کے دستے نے سلامی دی۔ شہید جونیئر ٹیکنیشن شان شوکت کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے افسران اور لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ شہید شان شوکت کو فضائیہ کے دستے نے پورے فوجی اعزاز اور شان و شوکت کے ساتھ سلامی دی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔