بدین (عمران عباس) میونسپل کمیٹی ماتلی پر چیرمین اور وائس چیرمین کے ہونے والے انتخابات میں غیر حتمی اور سرکاری نتائج کے مطابق عبدالرؤف نظامانی 19 ووٹ میں 13 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، جیالوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص۔
بدین کے شہر ماتلی میں میونسپل کمیٹی پر چیرمین اور وائس چیرمین کے ہونے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے باغی امیدوار عبدرؤف نظامانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار تنزیلہ قمبرانی کو شکست دے دی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق 19 ووٹوں میں سے 13 ووٹ کاؤنٹ ہوئے جو کہ سارے عبدالرؤف نظامانی نے حاصل کیئے،نتائج آنے کے بعد جیت کی خوشی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے عبدالرؤف کو کاندھے پر اٹھا لیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرنے لگے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل ماتلی میونسپل کمیٹی کی انتخابات میں ڈی آر او نے تنزیلا قمبرانی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا تھا جس کے بعد صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوسرے روز انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
لیکن سیکیورٹی نا ملنے اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد ایک بار پھر سے اس الیکشن کو ملتوی کردیا گیا تھا اور30 نومبرکو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا، کل کےروز ہونے والے الیکشن میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظام کیئے گئے تھے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ رینجرس کے جوان بھی تعینات کیئے گئے تھے۔
دوسری جانب تنزیلہ قمبرانی نے ھائی کورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے اس کی الیکشن ملتوی کرنے اور 15 دنوں کے بعد الیکشن کرانے کی درخواست کو مسترد کردیا۔۔