بدین میں محکمہ بلڈنگس کے افسران نے اندھیر نگری چوپٹ راجہ کی کہاوت کو سچ ثابت کر دکھایا

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) بدین میں محکمہ بلڈنگس کے افسران نے اندھیر نگری چوپٹ راجہ کی کہاوت کو سچ ثابت کر دکھایا ہے، محکمہ کی جانب سے ایک کروڑ کی لاگت سے مشتہر کیئے جانے والے ترقیاتی کاموں بندر بانٹ کر دی گئی ہے اس سلسلے میں مشتہر کئے گئے ٹینڈروں کی تاریخ سے قبل ایک کروڑ کے ٹھیکے من پسند ٹھیکداروں میں تقسیم کر دئیے گئے ہیں جنہوں نے تعمیراتی کام کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ بلڈنگس بدین کی جانب سے گذشتہ دنوں اخبار کے ذریعے پچاس پچاس لاکھ کے د و کاموں کے ٹینڈر طلب کئے گئے تھے ،شاہ نواز چوک سے ڈی سی چوک اور ڈی سی چوک سے اللہ والا چوک تک ڈرین اور پاتھ کی تعمیر کے ان دونوں کاموں کے لئے مشتہر کئے جانے والے ٹینڈروں میں پہلے مرحلے کے لئے 24 فروری کا اعلان کیا گیا تھا یعنی ان کاموں کے حصول کے خواہشمند ٹھیکیداروں کو چوبیس فروری کو بذریعہ ٹینڈر اپنی پیشکش جمع کرانی تھیں مگر مشتہر کئے گئے یہ ٹینڈر دکھاوا ثابت ہوئے ہیں۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کام من پسند ٹھیکیداروں کو ٹینڈروں سے قبل ہی دے دئیے گئے ہیں جنہوں نے عملی طور پر ان ترقیاتی کاموں پہ تعمیراتی کام کاآغاز کر دیا ہے سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہااخبار میں مشتہر کئے جانے والے ٹینڈر صرف اور صرف دکھاوے کے طور پہ دئیے گئے ہیں جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ من پسند ٹھیکیداروں میں مبینہ بھاری رشوت کے عیوض ٹھیکیوں کی بندر بانٹ کر دی گئی ہے جوغیر قانونی ہے یہ بھی پتا چلا ہے کہ اکثر ٹھیکے دفتری عملے فرضی ناموں سے حاصل کر رہے ہیں جبکہ اکثر ٹھیکیدار افسران کے ذاتی واسطے دار ہیں جنہیں منافع بخش کام بانٹ دئیے جاتے ہیں رابطہ کرنے پر محکمہ بلڈنگس کے انجینئر شفیق احمد میمن نے بتایا کہ ٹھیکے کام کی لمبائی کے حساب سے دئیے جاتے ہیں اور جو کام چل رہاہے وہ پہلے ہی ٹھیکیدار کو دیا جا چکا ہے۔