ضلع بدین میں لوڈ شیڈنگ کا شدید بحران واپڈا والوں کی من مانیا

Wapda

Wapda

بدین (عمران عباس) ضلع بدین میں لوڈ شیڈنگ کا شدید بحران واپڈا والوں کی من مانیا، 16 سے اٹھارہ گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہریوں کو جانب سے احتجاجی مظاہرہ، تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کی طرح بدین شہر میں واپڈا والوں کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر رکھا ہے جبکہ 16سے اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث ہر قسم کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔

آئے دن شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جاتے ہیں لیکن واپڈا والوں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے ٹائمنگ میں کوئی بھی کمی نہیں کی جاتی جبکہ بجلی سے چلنے والے کاروبار، دکانیں، کارخانے اور دیگر روزگار کے ذرائع لوڈشیڈنگ کے باعث بند ہوجانے کی وجہ سے سینکڑوں مزدور بے روزگار ہوجاتے ہیں گرمی زیادہ ہونے کی وجہ سے برف کی شدید ضرورت پڑتی ہے اور بجلی بند ہونے کے باعث گھر کے فرج تو کام نہیں کرتے لیکن باہر کارخانوں پر بھی برف دستیاب نہیں ہوتی اگر ملتی ہے تو بھی سونے کے بھاؤ میں ملتی ہے۔

لوڈ شیڈنگ زیادہ ہونے کی وجہ سے جنریٹر، یوپی ایس، بیٹریاں، چارجر، سولر سسٹم اور دیگر اشیاء بیچنے والوں کے مزے ہوگئے ہیں دکاندار دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں اور اپنی مرضی کے مطابق اشیاء کی رقم لے رہے ہیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دوران اگر واپڈا والوں سے رابطہ کیا جاتا ہے تو کوئی نا کوئی جواز بتا کر بات ختم کردیتے ہیں اس ساری صورتحال میں شہر کے لوگوں میں سخت غصہ پایا جاتا ہے اس سلسلے میں شہریوں کی جانب سے اللہ والا چوک سے بدین پریس کلب تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی، ادبی، تاجر، سول سوسائیٹی اور دیگر سماجی تنظیموں کے لوگوں، زاھد خواجہ، خانصاحب اللہ بچایو میمن، فہیم میمن، سرفراز خواجہ، مجید ملاح،اللہ ڈنو پہنور، فیاض میمن، رجب کمہار، نور حسن سولنگی، روشن قاضی، سید انور شاھ، عمران جونیجو، امتیاز میمن، ظہور میمن، الطاف شاد، ظفر سولنگی، ملک یاسر اور دیگر کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کہ پورے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا ایک شیڈول مقرر ہے لیکن ضلع بدین جس کو کوئی والی وارث نہیں ہے یہاں پر کوئی شیڈول نہیں ہے اور واپڈا والے اپنی مرضی کے مطابق جب چاہیں لائٹ بند کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور کیا جا رہاہے کہ ہم کوئی ایسا قدم اٹھائیں جس سے شہر کے امن میں خلل پیدا ہوانہوں نے کہا کہ ہم واپڈا والوں کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سندھ، چیف جسٹس آف سندھ، ڈی سی بدین اور دیگر بالا حکام سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ ضلع بدین کی مالکی کریں اور یہاں پر درپیش مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔