بدین (عمران عباس) بدین ضلع کی تحصیل ٹنڈو باگو کی تعلقہ میونسپل ایڈمنشٹریشن ، ٹی ایم اے میں مبینہ طور پر ہونے والی کروڑوں کی کرپشن، بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو چھپانے اور متوقع نیب کے چھاپوں اور کاروائی سے بچنے کے لیئے ٹی ایم او آفیس کا اہم سرکاری رکارڈ چوری کرلیا گیا، چوری کی اطلاع اور کاروائی کے لیئے ٹی ایم اے آفیس کی جانب سے ٹنڈو باگو تھانے کو دیئے جانے والا لیٹرمبینہ طور پر ایم این اے اور ایم پی ایز کے دبائو کے باعث واپس لے لیا گیا۔
دو روز قبل ٹنڈوباگو تحصیل کونسل کی آفیس کے دروازے اور الماریاں توڑ کر حال ہی میں دس کروڑ رپوں سے زائد کی لاگت سے جاری ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز جو مبینہ طور پر بھاری رشوت اور کمیشن لے کر من پسند ٹھیکیداروں کو جاری کئے گئے تھے ان ٹینڈرز کے رکارڈ سمیت گذشتہ دو سال میں کروڑوں رپوں کی دیگر بے قاعدگیوں اور کرپشن کا رکاڑڈ چوری کرلیاگیا، ٹی ایم اے کے آفیس اکائونٹنٹ آغا خرم نے چوری کی اطلاع اور کاروائی کے لیئے ٹنڈوباگو تھانے کوایک لیٹر دیا پر گذشتہ روز بدین کی سیاسی او ر بااثر شخصیات اور منتخب نمائندوں کے دبائو پر نہ صرف وہ لیٹر تھانے سے واپس لے لیا گیا بلکہ چوری کی واردات پر خاموشی اختیار کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔
ٹنڈو باگو کے رکن اسیمبلی بیرسٹر حسنین مرزا نے رابطہ کرنے پر واقع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چوری کا واقعہ نہیں بلکہ کروڑوں کی کرپشن کو چھپانے اور ملوث سیاسی شخصیات اور افسران کو بچانے کے لیئے کیا گیا ہے لیکن اس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ احتجاج کے علاوہ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی اور کرپشن میں ملوث افراد سے ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا۔