بدین (جیوڈیسک) بدین کی رہائشی ایک لڑکی نے موت کے جبڑوں سے اپنی زندگی کو چھین لیا۔ 16 سالہ انیلا خون کے سرطان میں مبتلا تھی، سوا سال قبل جیو نیوز کے ذریعے نشاندہی پر مخیر حضرات اور سرکاری اداروں کے علاج سے صحت یاب ہوگئی۔
ضلع بدین کے علاقے پنگریو کی رہائشی انیلا آج بہت خوش ہے اور یہ خوشی اسکے چہرے سے عیاں ہے، وہ خوش کیوں نہ ہو اسے نئی زندگی جو ملی ہے، ایک کمہار گھرانے سے تعلق رکھنے والی انیلہ خون کے سرطان میں مبتلا تھی، تقریبا سوا سال قبل جیو نیوز پر نشر ہونے والی خبر اس کے لیے زندگی بخش ثابت ہوئی
سرکاری اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے انیلہ کا کامیاب علاج ممکن ہوا، انیلہ کی ماں کے ہاتھ کبھی بیٹی کی زندگی کی دعا کے لیے اٹھتے تھے اور آج اسکے لبوں پہ ٹیم جیو، سرکاری اداروں اور مخیر حضرات کے لیے دعائیں ہیں۔
جن کی بدولت اس کی بیٹی کی زندگی کے بجھتے دیے کو نئی روشنی مل گئی، تھیلیسیما سینٹر بدین اور بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی توجہ سے ایک معصوم کو نئی زندگی ملی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انیلہ کا علاج جاری ہے مگر اسکی رپورٹوں سے پتا چلتا ہے کہ اس نے موت کو شکست دیدی ہے۔