بدین (عمران عباس) بدین میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث میٹھی عید کے پھیکے ہونے کا امکان پیدا ہوگیا، بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث درزیوں نے بڑے شہریوں کا رخ لیا جبکہ نئے کپڑے سلانے والے افراد ہاتھوں میں کپڑے لیئے درزیوں کی دکانوں پر مارے مارے پھرنے لگے۔
عید پر اور کچھ ہو نا ہو نئے کپڑے لینا اور پہننا لازمی ہوتاہے لیکن بدین میں حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے نئے کپڑے سینے والے کاریگروں کو روزگار کی خاطر بدین سے باہر حیدرآباد اور کراچی جانے پر مجبور کردیا ہے جس کے باعث درزی کی دکان کے مالکان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
دکانداروں اور کاریگروں کا کہنا ہے کہ سارا دن لائٹ نہیں ہوتی 18سے 20گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ہمیں شدید پریشانی کا سامنا ہے ،تھوڑا بہت جو بھی کام کرتے ہیں وہ جرنیٹر پر کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث گاہکوں کی تو کیا ہماری بھی عید مشکل سے گذرے گی۔
عید کی تیاریوں کے سلسلے مین شہری دکانوں سے کپڑے تو خرید رہے ہیں مگر درزیوں کی عدم دستیابی کے باعث ان کی عید کی خوشیاں مانند پڑتی دکھائی دیتی ہیں۔۔