بغداد میں امریکی سفارتخانے کی سیکیورٹی کیلئے 275 فوجی بھیجنے کا اعلان

Security

Security

واشنگٹن (جیوڈیسک) عراق میں کشیدگی کے بعد امریکا نے اپنے سفارتی عملے کی حفاظت کے لیے فوجی دستہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔اس بات کا اعلان صدر باراک اوباما نے کانگریس کے ارکان کے نام اپنے خط میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بغداد میں سفارتی عملے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے 275 فوجی اہلکار بھیجے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فوجیوں کو بھیجنے کا مقصد سفارتی عملے اور امریکی شہریوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ عراق میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہونے تک یہ فوجی وہیں تعینات رہیں گے۔ دوسری جانب ایک امریکی عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویانا میں امریکا اور ایران کے درمیان عراق کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو اہے۔ انہوں نے بتایا کہ بات چیت کے دوران فوجی تعاون کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔