بغداد بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز، ملک بھرمیں سوگ کا اعلان

Baghdad

Baghdad

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہفتے کی شب ہونے والے یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 100 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر بغداد میں ہفتے کی شب ہونے والے یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 100 زخمی ہوگئے۔ عراقی حکومت کی جانب سے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔عراق کی وزارت دفاع کے مطابق پہلا دھماکا بغداد کے مرکزی علاقے کرادہ کے بازار میں ہوا جہاں خود کش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار عید کی خریداری میں مصروف شہریوں پرآکر اڑا دی۔

مقامی حکام کے مطابق دوسرا دھماکا تجارتی علاقے الشباب کی الشلال مارکیٹ میں ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ الشلال میں کئے جانے والا دھماکا دیسی ساختہ بم کی مدد سے کیا گیا جو بازار میں نصب کیا گیا تھا۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں بیشتر کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جب کہ دھماکوں کی ذمہ داری جنگجو تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔