بغداد کا خود کش بمبار آسٹریلوی شہری نکلا

Suicide

Suicide

کینبرا (جیوڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے اٹارنی جنرل جارج برانڈس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خبر پریشان کن ہے۔

آسٹریلیا کی حکومت عراق اور شام میں داعش کے پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے اور ان سرگرمیوں میں کسی بھی آسٹریلوی باشندے کی شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان میں آسٹریلیا کے باشندوں کا شامل ہونا آسٹریلیا کی اندرونی سکیورٹی کے لئے خطرہ ہے۔

کیونکہ ان میں شامل لوگ ملک واپسی پر کہیں یہاں بھی تشدد پر آمادہ نہ ہوں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو خود کش حملے میں شامل بمبار عراق اور شام کے تصادم میں ہلاک ہونے والا دوسرا آسٹریلوی خود کش بمبار تھا۔

اس خود کش حملے میں اس نوجوان نے دھماکہ خیز مواد سے لیس اپنی بیلٹ کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں اس کے علاوہ دوسرے تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ عراق میں برسرِ پیکار جنگجو گروپ داعش نے اپنے ایک متعلقہ ٹوئٹر اکائونٹ سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اور اس نوجوان کا نام ابوبکر آسٹریلوی بتایا تھا۔ یاد رہے کہ یہ حملہ بغداد کی ایک مسجد کے پاس واقع ایک بازار میں جمعرات کو کیا گیا تھا۔ برطانیہ کو بھی شام میں لڑنے والے اپنے شہریوں سے اسی قسم کی تشویش لاحق ہے کہ کہیں وہ ملک واپسی پر شدت پسندانہ رخ نہ اختیار کریں۔