کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی ہے کہ پولیتھن بیگز (شاپنگ بیگز ) کے مضر اثرات اور نقصانات سے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے ،صفائی وستھرائی کے نظام کو علاقائی سطح پر عوامی تعاون کے ذریعے بہتر بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی وستھرائی ،سرسبز ماحول کے قیام اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا متعلقہ محکمہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنا ئیں اور صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتربنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیھتن بیگز کے استعمال سے اجتناب کریں ،کوڑا کرکٹ گلیوں اور محلوں میں پھینکنے سے گریز کریں اور اپنے گھر کی طرح گلیوں اور محلوں کو بھی صاف ستھرا رکھیں۔