اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی غذائی خود کفالت کا انحصار چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر سے منسلک ہے، بھاشا ڈیم کی تعمیر اولین ترجیح ہے اور اس کی تعمیر میں کوئی بھی تاخیر پاکستان کے مستقبل کے ساتھ جرم ہو گا۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے یہ بات اسلام آباد میں چھوٹے بڑے ڈیموں اور کچھی کینال کی تعمیر کا جائزہ لینے کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب میں کہی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ڈیم نہ بنائے گئے تو 10 سال بعد توانائی سے بڑا پانی کا بحران ہمارے سامنے ہو گا، بلوچستان میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے گزشتہ 8 سالوں میں کچھی کینال کی تعمیر میں سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ کچھی کینال سے 7 لاکھ 13 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو سکے گی۔