بھاشا ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی کی تیاری، مالی مدد کرینگے: اولسن

Olson

Olson

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے فزیبلٹی سٹڈی کی تیاری میں پاکستان کو مالی مدد فراہم کرے گا۔ وزیرخزانہ نے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں رقم کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان میں امریکا کے سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ میں ملاقات کی جس میں پاک امریکا اقتصادی شعبے میں تعاون اور دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں امریکی سفیر نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم تعمیر کی حمایت کریں گے۔ رچرڈ اولسن نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے حالیہ مذاکرات کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری دو طرفہ اقتصادی امور پر بات چیت کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر سے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو رقم کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔