بہاول پور (جیوڈیسک) خواتین پر تشدد کے واقعات آئے روز کا معمول ہیں۔ خواتین کے حقوق کی تنظیمیں اس بات کا گلہ کرتی نظر آتی ہیں کہ ان واقعات پر معاشرہ بے حسی کا مظاہرہ کرتا ہے اور اب اس طرح کی خبروں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی۔ بہاولپور میں معمولی سی تکرار نے خاتون کی جان لے لی۔ پولیس کے مطابق شازیہ کا سسر سے جھگڑا ہوا۔ جس کے بعد اس کی نند اور سسر نے مبینہ طور پر اسے جلا کر مار ڈالا۔
یہ کوئی نیا واقعہ نہیں۔ اکثر کوئی نہ کوئی خاتون ظلم کا نشانہ بنتی دکھائی دیتی ہے۔لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ خواتین پر تشدد کے واقعات میں کمی نہ آئی۔ ہاں لیکن یہ واقعات منظر عام پر آنا ضرور کم ہوگئے۔کبھی خوف نے ان خواتین کی زبان پر تالا ڈالا اور کبھی معاشرے کی بے حسی نے تشدد کے ان واقعات کو وہ اہمیت نہ دی۔
جسکی انھیں ضرورت تھی۔ ظلم کا شکار خواتین بس معاشرے سے اتنا چاہتی ہیں کہ اس ظلم پر خاموش نہ رہا جائے۔ اس سے شاید گیا وقت تو واپس نہیں آئے گا۔ہاں مگر ان کے درد کو قرار ضرور مل جائے گا۔