بہاول پور کی خبریں 08.10.2013

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری امجد جٹ نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیرِ اہتمام” نظام بدلو”نشست سے خطاب
بہاول پور (این این اے) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری امجد جٹ نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیرِ اہتمام” نظام بدلو”نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کش اقدامات کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے مگرعدالتوں اور الیکن کمیشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں ۔ تبدیلی کی خواہش رکھنے والے کروڑوں عوام جان چکے ہیں کہ ملک میں رائج استحصالی نظام حکومت کے ہوتے غریب کا مقدر نہیں بدل سکتا اس لئے وہ کشاں کشاں ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میںہونے والی نماز انقلاب کے ایک کروڑ نمازیوں میں شامل ہو رہے ہیں۔افلاس زدہ معاشرے سے دینی اقدار رخصت ہو جاتی ہیں ،جرائم بڑھ جاتے ہیں اور ریاست کے وجود کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ہمارا سیاست نہیں ریاست بچائو نعرہ اسی تناظر میں تھا۔ایسے حالات میں نظام کی درستگی کیلئے بھرپور جدوجہد کرنا باشعور طبقات پر لازم آتا ہے۔مقتدر طبقات کے عسکری ونگز،بھتہ خوری ،کالعدم تنظیموں سے انتخابی الحاق اور دہشت گردوں سے تعلقات ریکارڈ پر ہیں ایسی صورت میں دہشت گردی کے خاتمے کے دعوے قوم کو دھوکہ دینے کے مترادف ہیں۔مقتدر طبقات کی لوٹ مار کی وجہ سے 19 کروڑ کی آبادی میں سے 5کرو ڑافراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔صورتحال یہ ہے کہ ینگ ڈاکٹرز جن کو عوام کے خدمت کے لیے ہسپتالوں میں ہو نا چاہئیے تھا وہ حکومت کے یزیدانہ رویے کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔پنجاب حکومت ڈاکٹرز کے مسائل مذاکرات کے ذریعے فوری حل کرے۔صرف دو لاکھ امراء کی تجوریوں میں سارے ملک کے وسائل بند ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی نماز انقلاب کی گونج پورے ملک میں سنائی دینے لگی ہے۔کارکن آرام تج کردیں اور ایک ایک دروازے پر پہنچ کر لوگوں کو ظالمانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کیلئے تیار کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورمیں داخلہ کے خواہشمند طلباء کو شدید پریشانی کاسامنا
بہاول پور (این این اے) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورمیں داخلہ کے خواہشمند طلباء کو شدید پریشانی کاسامنا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کی ویب سائٹ کو صحیح طریقہ سے اَپ ڈیٹ نہیں کیاجارہا اور اس پر معلومات صحیح طریقہ سے اَپ لوڈ نہیں کی جارہیں جس کی وجہ سے طلباء وطالبات اور ان کے والدین شدین ذہنی کوفت میں مبتلاہیں۔ یونیورسٹی پہنچنے پر انتظامیہ اور کلرکوں کوبھی صحیح معلومات نہیں ہوتیں اور وہ بھی آنے والے طلباء کو ویب سائٹ وِزٹ کرنے کاکہتے ہیںمگر ویب سائٹ کوصحیح طریقہ سے اَپ ڈیٹ نہیں کیاجارہاہے اور طلباء کو دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ طلباء اور طالبات کے والدین نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جناب پروفیسرڈاکٹرمحمدمختار سے مطالبہ کیاہے کہ یونیورسٹی کی ویب سائٹس پر صحیح معلومات نہ ہونے کی بناء پر وِیب سائٹ کو اَپ ڈیٹ کیاجائے اور داخلہ اور چالان فیس جمع کرانے کی ڈیٹ میں توسیع کی جائے تاکہ طلباء وطالبات کے تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچ سکیں۔ مزید برآں انہوںنے مطالبہ کیاکہ وائس چانسلر مختلف شعبہ جات کے سربراہوں کو ہدایات کریںکہ وہ نئے آنے والے طلباء اور انکے والدین سے نرم لہجے میں گفتگو کرتے ہوئے اخلاقیات کامظاہرہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن بہاول پور محمد اشفاق گجر نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرہ کا انتہائی قابل احترام طبقہ ہے
بہاول پور (این این اے) ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن بہاول پور محمد اشفاق گجر نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرہ کا انتہائی قابل احترام طبقہ ہے۔ وہ اپنے منصب کے تقدس کو قائم رکھنے کے لئے محنت، جانفشانی اور خلوص نیت کے ساتھ تعلیم و تربیت کی ذمہ
داریاں ادا کریں۔وہ گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول میں سلام ٹیچرز ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، جنرل منیجر چائلڈ رائٹس کمشن محمد ریاض احمد،پرنسپل کمپری ہنسو سکول مسز شہناز عاشق اور اساتذہ موجود تھے۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے کہا کہ اساتذہ اپنے کردارو عمل سے ثابت کریں کہ وہ محنتی اور قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ سایہ دار درخت کے مانند ہیں جو طلبا و طالبات کی علم کی پیاس کو بجھانے کے لئے خلوص دل سے کام کرتے ہیں۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ قابلیت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی اہمیت اور احترام کے باعث انہیں والدین کا درجہ دیا گیا ہے۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر تعلیمی نتائج کے لئے بھرپور کاوش کریں گے۔ سابق استاد محبوب علی زیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ طلبا و طالبات کے لئے رول ماڈل ہیں۔انہوں نے کہا کہ استاد بے لوث اور خلوص نیت کے ساتھ درس و تدریس کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل ، محنتی اور مخلص اساتذہ کی معاشرہ میں بہت قدر و منزلت ہے۔ ڈی ای او سیکنڈری رانا غلام نبی نے اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔اس موقع پر جنرل منیجر این سی ایچ ڈی محمد ریاض احمد،ضلعی صدر سکول سینئر سٹاف ایسوسی ایشن عطاالرحمن، ڈپٹی ہیڈ ماسٹر صادق ڈین ہائی سکول شاہد جمیل نے بھی سلام ٹیچر ڈے کے حوالہ سے گفتگو کی۔ بعد ازاں این سی ایچ ڈی اور محکمہ تعلیم کی جانب سے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بہتر نتائج دینے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نیشنل ڈیزاسٹر ڈے کے حوالے سے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122بہاول پور نے ڈویژنل ایمر جنسی آفیسر ملک آصف رحیم چنڑ کی سربراہی میں خصوصی تقاریب کا اہتمام
بہاول پور (این این اے) نیشنل ڈیزاسٹر ڈے کے حوالے سے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122بہاول پور نے ڈویژنل ایمر جنسی آفیسر ملک آصف رحیم چنڑ کی سربراہی میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلہ میں ضلع بھر کے ریسکیوئر نے اکتوبر 2005ء کے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور بلوچستان کے حالیہ زلزلہ متاثرین کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔اس سلسلہ میں 8اکتوبر 2005کو ہونے والے واقعہ کو یاد رکھتے ہوئے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122بہاول پور ڈویژن نے گورنمنٹ ٹیکنیکل سکول اور علامہ اقبال کالج میں 8اکتوبر2005ء کے زلزلے کے بارے میں لیکچرز کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کو اس دن ہونے والی تباہی اور اس کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ طلبا اور اساتذہ کو ڈیزاسٹر رونما ہونے کی صورت میں اس سے بچنے کی تدابیر بھی بتائی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب ہائی وے پٹرول بہاول پور ریجن کی موبائل ایجوکیشن یونٹ نے گورنمنٹ عباسیہ ہائی سکول میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا
بہاول پور (این این اے) پنجاب ہائی وے پٹرول بہاول پور ریجن کی موبائل ایجوکیشن یونٹ نے گورنمنٹ عباسیہ ہائی سکول میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا اور اساتذہ کو ڈینگی بخار علامات اور اس کی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔انچارج موبائل ایجوکیشن یونٹ محمد عرفان ASIنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھروں اور دفاتر کی ہفتہ وار صفائی کریں اور مچھر مار ادویات کا استعمال کریں۔ موبائل ایجوکیشن ٹیم نے طلباکو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق لیکچر دیا اور پٹرولنگ ہیلپ لائن042-1124کے متعلق آگاہی فراہم کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع بہاولپور ڈی پی او ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے صدر سرکل اور CIA سٹاف بہاولپور سے میٹنگ کی
بہاول پور (این این اے) ضلع بہاولپور ڈی پی او ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے صدر سرکل اور CIA سٹاف بہاولپور سے میٹنگ کی ۔جس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرنے والے افراد کی دو اقسام ہیں ایک وہ جو کہ عام آدمی ہے اور وہ چھپ کر ڈکیتی ،چوری کرتے ہیں اور دوسرے وہ لوگ ہیں جو کہ پولیس کی وردی پہن کر کرپشن کرتے ہیں۔پولیس کی وردی پہن کر کی جانے والی کرپشن ہرگز قبول نہیں،اگر کوئی پولیس افسرکرپشن کرتے پکڑا گیا تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا اور موقع پر اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔جرم حضرت آدم علیہ السلام کے دور سے چلتا آرہا ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا البتہ کم ضرور کیا جا سکتا ہے جس کے لیے ہر پولیس آفسر اپنا کردار ادا کرے۔تفتیشی آفیسرز میرٹ پر تفتیش کریں ،عوام الناس کو ریلیف دیں۔عدالت نے کسی تفتیشی آفیسر کی تفتیش کو ناقص قرار دیا تو اسے موقع پر گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس آفیسرزکسی بھی مقدمہ کے سلسلہ میں عدالت میں پیش ہونے سے پہلے اچھی طرح تیاری کریں معاملہ کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔عدالت میں پیش ہوکر معاملہ سے لاعلمی ظاہر کرنے والے یا کوتاہی برتنے والے آفیسرز اپنے انجام کے لیے تیار رہیں۔ڈی پی او نے ڈکیتی،نارکوٹکس،قحبہ خانہ اور دیگرجرائم کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا حکم دیا اور 4دن میں پراگرس رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف سنگین وارتوں کی فوری پراگرس رپورٹ پیش کریںضلع بہاولپور میں کوئی مجرمان اشتہاری نظر نہیں آنا چاہیئے۔وارداتوں کے دوران چھینے جانے والے موبائل کا فوری ڈیٹا حاصل کریں اور بروقت کاروائی کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔زناء کے مقدمات میں ملزمان کا فوری DNAکروائیں۔تفتیشی آفیسرز اپنی ضمنی خود لکھیں گے اورایس ایچ اوز تصدیقی رپورٹ خود لکھ کر بھیجیں گے۔ آخر میں ڈی پی او ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے اچھی کارکردگی پرایس آئی مہر صدیق کو سرٹیفکٹ CCIIIاورASI عبدالمنان کو سرٹیفکٹ CCIII اور 2000روپے سے نوازہ۔ ڈی پی او نے کہا سزا جزا کا سلسلہ جاری رہے گا اس کا فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ کون سزا چاہتا ہے اور کون جزا کا حقدار ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقے این اے256میں77ہزار سے زائد جعلی ووٹوں کا اندراج
بہاول پور (این این اے) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقے این اے256میں77ہزار سے زائد جعلی ووٹوں کا اندراج اس بات کا کھلم کھلا ثبوت ہے کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اور اس کی ذمہ دار کراچی کے80فیصد سے زائد مینڈیٹ کا کھوکھلا نعرہ لگانے والی ایم کیو ایم اور الیکشن کمیشن ہیں۔حلقے کے صرف67پولنگ سٹیشنز پر88ہزار448ووٹ ڈالے گئے۔ریکارڈ کے مطابق 6ہزار806ووٹوں کی تصدیق ہوسکی ہے جبکہ ایک شناختی کارڈ پر35ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں جوکہ آزاد،شفاف اور منصفانہ انتخابات کا واویلا کرنے والوں کا منہ بند کرنے کے لئے کافی ہے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان انتخابی دھاندلی کے انکشاف پر کراچی میں دوبارہ انتخابات کروانے کااعلان کرے۔ نادرانے واضح کردیاکہ ٹھپہ مافیا نے جعلی ووٹ ڈال کر عوام کا مینڈیٹ چرایا۔25برسوںسے کراچی کے عوام کی آزادیٔ رائے کو سلب کیا جارہا ہے۔دھاندلی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر منتخب ہوکر اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں جوکہ بعد میں انتظامیہ کو اپنی انگلیوں کے اشارے پر چلاتے ہیں۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے تمام اداروں سے سیاسی بھرتیوں کوختم کیا جائے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ حکومت کراچی میں گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز کی سیاسی وابستگیاںعوام کے سامنے لائے اور جن لوگوں کے کہنے پر انہوں نے روشنیوں کے شہر کو اندھیروںمیںڈبودیاہے ان کی گرفتاریوں کو بھی جلد عمل میں لایاجائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹارگٹ کلرز لوگوں کو مارنے کے لئے خفیہ کوڈزکے ذریعے ای میل کو استعمال کررہے ہیں۔شہر قائد میں امن کے لئے ہر ممکن اقدامات سے گریز نہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ایک روزہ دورہ پرآج بہاول پورپہنچیں گے
بہاول پور(این این اے) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ایک روزہ دورہ پرآج بہاول پورپہنچیں گے وزیراعلی پنجاب میاں محمدشہبازشریف آج مورخہ 9 اکتوبرایک روزہ دورہ پر بہاول پورپہنچے گے وہ اپنے دورہ میں لال سوہانرا کے قریب بننے والے قائداعظم سولرانرجی پارک کادورہ کریں گے جہاں انکو ایم ڈی چولستان بریفنگ دیں گے وہ اپنے دورہ میں اراکین اسمبلی ،ن لیگ کے عہدہ داران اورعمائدین شہر سے بھی ملاقات کریں گے۔