بہاولپور میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے ایک نہر بنانے کے ساتھ ساتھ ایک جھیل بھی بنائی جائے گی

Lahore

Lahore

لاہور: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ آبپاشی سردار خالد محمود ججہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ بہاولپور میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے آئندہ مالی سال کے دوران ایک نہر بنانے کے ساتھ ساتھ ایک جھیل بھی بنائی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے نہ صرف بہاولپور میں ایک نہر بنائی جارہی ہے بلکہ جھیل بھی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر بہاولپور میں پانی کی کمی دور ہو جائے گی۔

ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ حکمرانوں کی ڈکیتیوں کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہورہا ہے اور وہ الگ صوبے کی بات کرنے پر مجبور ہیں۔ تاہم پارلیمانی سیکرٹری کی آئندہ سال بہاولپور میں پانی کی قلت دور کرنے کی یقین دہانی پر ڈاکٹر وسیم اختر نے اپنے سوال پر مزید بحث نہیں کی۔