بحرین (اصل میڈیا ڈیسک) بحرین نے چین کی ساختہ کووِڈ-19 کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔اس سے پہلے بحرین نے امریکی دواساز کمپنی فائزر کی جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔
بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اب چینی دوا ساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین استعمال کے لیے ننھی خلیجی ریاست میں دستیاب ہوگی۔اس سے پہلے گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے اس ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی اور اس کے کلینیکی نتائج کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ کرونا وائرس کے علاج میں 86 فی صد مؤثر ہے۔
بحرین میں 77سو سے زیادہ افراد نے سائنوفارم کی ویکسین کی آزمائشی جانچ میں حصہ لینے کے لیے اپنا اندراج کرایا تھا۔بحرینی حکومت نے قبل ازیں عوام کو ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک اس نے اس ضمن میں اپنے پروگرام کا اعلان نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک بعض ممالک میں سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین کی ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دی گئی ہے اور کمپنی ابھی اس ویکسین کی دس ممالک میں کلینیکی آزمائش کے حتمی مرحلے میں جانچ کررہی ہے۔
برطانیہ میں گذشتہ ہفتے سے امریکی کمپنی فائزر کی تیار کردہ ویکسین لوگوں کو لگانے کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ خود امریکا نے ابھی تک اس ویکسین کے استعمال کی منظوری نہیں دی ہے۔فائزر کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین کووِڈ-19 کے علاج میں 95 فی صد مؤثر ہے جبکہ ایک اور امریکی کمپنی ماڈرنا نے اپنی تیارکردہ ویکسین کی کلینیکی جانچ کے بعد کہا ہے کہ یہ 94۰5 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کی ویکسین آزمائشی جانچ میں قریباً 70 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہے لیکن اس کے بارے میں یہ سوال کیا گیا ہے کہ یہ 55 سال سے زاید عمر کے افراد کو کرونا وائرس سے بچانے میں کیونکر مددگار ثابت ہو گی۔