بحرین (جیوڈیسک) خلیجی ریاست بحرین میں آج ہفتے کے روز پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔
بحرین کے الیکشن کمیشن کے مطابق پارلیمنٹ کی 40 نشستوں اور 30 بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات پر 3 لاکھ 65 ہزار ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 41 خواتین سمیت 293 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
یہ انتخابات 40 انتخابی حلقوں میں ہوں گے۔ دارالحکومت منامہ، المحرق، شمالی گورنری اور جنوبی گورنری میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے مطابق انتخابی مہم ختم کر دی گئی ہے۔ اس کے بعد اب کوئی امیدوار کسی بھی شکل میں یا سوشل میڈیا اور موبائل پیغامات کے ذریعے انتخابی مہم جاری رکھنے کا مجاز نہیں۔
انتخابی عمل کے لیے مقرر کردہ انتظامیہ میں 2400 افراد شامل ہیں جب کہ 231 مبصرین بھی انتخابات کو مانیٹر کریں گے۔ بیرون ملک موجود 3600 بحرینی شہریوں نے 20 نومبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔