بحرین (اصل میڈیا ڈیسک) خلیجی ریاست بحرین میں قائم سعودی عرب کے سفارت خانے کی طرف سے سعودی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ فضائی سروس سے ملک واپس نہیں جاسکتے تو وہ اگلے 72 گھنٹے کے اندر اندر شاہ فہد پل کے راستے مملکت میں واپس جاسکتے ہیں۔
سفارتخانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت کے ایسے شہری جن کے فضائی سروسز کو استعمال کرکے وطن واپس جانے کا خواطر خواہ انتظام نہیں اور وہ گلف ایئر کے ذریعے پرواز نہیں کر سکتے ہیں وہ 72 گھنٹوں کے اندر اندر بری راستے سے شاہ فہد پل کا روٹ استعمال کرکے واپس جاسکتے ہیں۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ بحرین میں موجود سعودی شہریوں کو درپیش مشکلات کے بعد منامہ میں متعین سعودی عرب کے سفیر شہزداہ سلطان بن احمد بن عبدالعزیز کی طرف سے یہ پیش کش کی گئی ہے تاکہ مملکت کے شہریوں کی وطن واپسی کے عمل میں ان کی مدد کی جاسکے۔
خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بحرین میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔