اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے باور کرایا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کے نتیجے میں ہم نے بہت سے ثمرات حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ معاہدے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک بیان میں مزید کہا کہ تل ابیب ایک مستحکم مشرق وسطیٰ کی تلاش میں امن معاہدوں پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات اور مملکت بحرین کے ساتھ طے پانے والے اسٹریٹجک معاہدوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ بے مثال معاہدے ہیں جو مشرق وسطیٰ میں امن کی تاریخ کا ایک نیا باب تشکیل دینے کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے رہ نماؤں اور امریکی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے معاہدوں کو کامیاب بنانے کے لیے کام کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت مستحکم ، محفوظ اور خوشحال مشرق وسطیٰ کے حصول کے لیے ان معاہدوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔
قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات نے گذشتہ سال اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا تھا جس کے بعد بحرین ، سوڈان اور آخر میں مراکش نے بھی اسرائیل سے امن معاہدے کیے تھے۔