بحرین: کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والوں کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ کا اجرا

Corona Vaccine

Corona Vaccine

بحرین (اصل میڈیا ڈیسک) بحرین نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل پاسپورٹ کا اجرا کیا ہے۔وہ اس طرز کا ویکسین پاسپورٹ جاری کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

بحرین نیوز ایجنسی (بی این اے) کے مطابق ’’اس ‘بی اوئیر ایپ’ (BeAware App) میں کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے والوں میں دوہفتے کے بعد مدافعتی درجہ ظاہر ہوگا کیونکہ ویکسین لگوانے کے دو ہفتے کے بعد ہی کووِڈ-19 کے مرض کے خلاف مدافعتی اینٹی باڈیز پیدا ہوں گی۔‘‘

بی این اے کے مطابق ایک فرد جب ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لے گا تو ایپ پر یہ ظاہر ہوگا کہ ’’اس فرد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگ چکی ہے۔‘‘اس کے ساتھ ایک سرکاری سرٹی فکیٹ ظاہر ہوگا۔اس میں اس فرد کا نام ،تاریخ پیدائش،قومیت اور ہر ایک خوراک کی تفصیل ہوگی۔

بحرینی حکام ایپ پر کیوآرکوڈ کو سکین کرنے کے بعد اس سرٹی فیکیٹ کے مصدقہ ہونے کی تصدیق کرسکیں گے۔یہ قومی ویکسین رجسٹر سے بھی مربوط ہوگا۔

تاہم شہریوں اورمکینوں کو ویکسین لگانے کا سرٹی فکیٹ اسی صورت میں جاری کیا جائے گا جب انھیں 21 دن کے وقفے سے ویکسین کے دونوں ٹیکے لگ چکے ہوں گے۔

واضح رہے کہ بحرین میں حکام نے چار ویکسینوں کے استعمال کی منظوری دی تھی اور یہ حکومت کی جانب سے مفت لگائی جارہی ہیں۔ان میں چین کی سرکاری دوا ساز کمپنی سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین ،امریکی کمپنی فائزر کی جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار شدہ ویکسین،برطانوی کمپنی آسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے علاوہ روسی ساختہ سپوتنک پنجم ویکسین شامل ہے۔