بحریہ ٹاؤن کا آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے 50 کروڑ روپے امداد کا اعلان

IDPs

IDPs

لاہور (جیوڈیسک) زلزلہ ہو قحط سالی یا کوئی اور مصیبت ہر ناگہانی آفت پر بحریہ ٹاؤن اور اسکی انتظامیہ نے ہمیشہ سب سے پہلے اپنی خدمات پیش کیں۔ اب بحریہ ٹاؤن آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی امداد کے لیے آگے آیا ہے۔ سابق چیئرمین ملک ریاض نے آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے 50 کروڑ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے صوبائی حکومت اور فوج سے درخواست کی ہے کہ آئی ڈی پیز کیمپوں کی ذمہ داری بحریہ ٹاؤن کو سونپ دی جائے۔ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ کیمپوں میں بحریہ دستر خوان شروع کیے جائیں گے اور ان کو طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گے۔ ملک ریاض کا مزید کہنا تھا کہ کیمپوں میں بچوں کی تعلیم کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔

اس سے پہلے جب تھر میں خشک سالی تھی تو بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ نے 20 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی اسی طرح آواران میں زلزلہ آیا تو بحریہ ٹاؤن نے ناگہانی آفت میں جاں بحق افراد کے لیے امداد کے علاوہ متاثرین کے لیے 10 مرلے کے 300 گھروں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ ملک ریاض نے بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کو بھی آزادی دلانے میں کردار ادا کیا۔

جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے بحریہ ٹاؤن نے گھر تعمیر کر کے مفت تقسیم کیے۔ غریبوں کو دو وقت کی روٹی فراہم کرنے کے لیے کئی شہروں میں مفت دستر خوان بھی جاری ہیں۔ جہاں روزانہ 35 ہزار سے زائد افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔