مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیت اللہ میں طواف کی گنجائش میں 200 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
مطاف کی توسیع اس انداز میں کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ زائرین طواف کی سعادت حاصل کر سکیں۔ اس سلسلے میں مطاف کے صحن اور اس کی بالائی منزلوں کو چاروں اطراف میں برابر وسعت دی گئی ہے۔ رکن صفا کے طواف کے مسئلے کے حل کے لئے 25 میٹر کے گردشی چکر کو وسعت دے کر 50 میٹر کیا گیا ہے۔
تاکہ زیادہ سے زیادہ معتمرین اور حجاج کرام طواف کر سکیں۔ اسی طرح طواف کے لئے بنائی گئی بالائی عمارت کے ایک سے دوسرے ستون کے درمیان کا فاصلہ 26 میٹر رکھا گیا ہے۔ ستونوں کی تعداد کم کرنے سے بھی زائرین کے لئے مطاف میں جگہ کُھلی ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ معذور اورخصوصی افراد کے لئے مطاف کے گراﺅنڈ فلور کو بھی کھلا رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کے خطرے سے نمٹنے، ایئر کنڈیشنز کو چلانے کے لئے ٹھنڈا پانی کی فراہمی اور بارشی پانی کو استعمال میں لانے کے لئے الیکٹرومیکینیکل آلات نصب کئے ہیں۔
حجاج ومعتمرین کو مطاف کی بالائی منازل تک پہنچانے کے لئے 44 الیکٹرک سیڑھیاں، 33 لفٹ یونٹس اور ماحول کو ٹھنڈہ رکھنے کے لئے 40 ہزار ٹن پاور کے ایئرکنڈیشنز نصب کئے گئے ہیں۔