باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے پیش نظر لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا کام آج سے شروع کیا جائے گا۔ گزشتہ دنوں باجوڑایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند کے سرحدی علاقے غاخی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔
حملے کے بعد تحصیل کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور لوگوں کو گزشتہ روز شام6 بجے تک اپنے گھر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اب تک 650 خاندان ہیڈکوارٹر خار اور تحصیل واڑ ماموند کے علاقوں میں اپنے رشتے داروں اور دیگر جگہوں پرنقل مکانی کرچکے ہیں۔ پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ سید عبدا لجبار شاہ کے مطابق نقل مکانی کرنے والوں کے لئے تحصیل لوئی ماموند کی خارجی چیک پوسٹوں صدیق آباد اور عمری پر رجسٹریشن پوائنٹ بنائیں جائیں گے،جہاں آج سے لوگوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔