باجوڑ ایجنسی : دہشتگردوں کیخلاف مل کر کارروائی کا فیصلہ، آپریشن مؤخر

Bajaur

Bajaur

باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) باجوڑ ایجنسی میں سیکورٹی فورسز، پولیٹیکل انتظامیہ اور ماموند قبائل کے درمیان جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف مل کر کارروائی کے فیصلہ کے بعد علاقے میں آپریشن مؤخر کر دیا گیا۔

جرگہ گزشتہ روزہیڈ کوارٹر خار میں منعقد ہوا، جس میں سیکورٹی فورسز، پولیٹیکل انتظامیہ اور ماموند قبائل کے عمائدین نے شرکت کی۔ سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر حیدر اور پولیٹیکل ایجنٹ سید عبد الجبار شاہ نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

کہ علاقے میں امن برقرار رکھنا سکیورٹی فورسز ، پولیٹیکل انتظامیہ اور قبائل کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جرگہ میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی فورسز اور قبائل مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

دہشت گرد وں کو پناہ دینے والے کے خلاف قبائلی روایات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔کامیاب جرگہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا ہے اور دوروز قبل ممکنہ آپریشن کے اعلان کے بعد نقل مکانی کرنے والوں سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں کو واپس لوٹ آئیں ،جس کے بعد لوگوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔