باجوڑ ایجنسی: ماموند قبائل کا دہشتگردوں کیخلاف گرینڈ قومی لشکر تشکیل دینے کا فیصلہ

Bajaur Agency

Bajaur Agency

باجوڑ (جیوڈیسک) باجوڑ ایجنسی کے ماموند قبائل نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فورسز سے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سرحد پار سے شدت پسندوں کی آمد روکنے کیلئے گرینڈ قومی لشکر تشکیل دینے اور علاقائی سطح پر امن کمیٹیوں کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

دہشتگردوں کے خلاف فورسز سے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان، تحصیل لوئی ماموند اور وڑ ماموند کے عمائدین کے جرگے میں کیا گیا۔ جرگے میں عمائدین نے دونوں تحصیلوں سے ہزاروں رضا کاروں پر مشتمل گرینڈ ماموند قومی لشکر تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا۔

لشکر پاک افغان سرحد سے متصل دیہات میں شدت پسندوں اور مشتبہ افراد کے خلاف قبائلی روایات کے تحت کارروائی کرے گا۔گرینڈ قومی لشکر سرحد پار سے دہشتگردوں کی آمد روکنے کیلئے بھی اقدامات کرے گا۔

جرگے کے شرکاء نے علاقائی سطح پر امن کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے اور اپنے اپنے علاقوں میں مشکوک اور سماج دشمن عناصر کو پناہ نہ دینے کا اعلان بھی کیا جبکہ افغان صوبے کنڑ میں مقیم پاکستانی طالبان کو حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔