باجوڑ (جیوڈیسک) باجوڑ میں سلارزئی قبائل کے گرینڈ جرگے نے دہشت گردوں کو اپنے علاقے میں پناہ نہ دینے اور حکومت سے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں سلارزئی قبائل کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔جرگے سے خطا ب کرتے ہوئے قبائلی عمائدین نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور پو لیٹکل انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
سلارزئی قبائل نے مشتبہ افراد کو پناہ دینے پر پہلے ہی پابندی لگا دی ہے اور اگر کوئی شخص مشتبہ افراد کو پناہ دینے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قبائلی روایات کے تحت کاروائی کی جائے گی۔
قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سلارزئی قبائل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔اس موقع پر پولیٹکل ایجنٹ سید عبد الجبار شاہ اور کمانڈنٹ باجوڑ اسکاؤٹس کرنل میر عامر علی نے سلارزئی قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب ایجنسی میں شدت پسندوں کی سرگرمیاں عروج پر تھیں تو قبائل ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ حکومت کو سلارزئی قبائل کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری پر فخر ہے۔