کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی ، ایم ڈی واٹربورڈ اور ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے ، آلائشوں کو اٹھانے ، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
شہری سہولتوں کی فراہمی کے ذمے دار تمام ادارے ایک پیج پر ہیںاور ان کے مابین ایک مربوط اور موثر رابطہ موجود ہے جس کے عمدہ اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے، عیدالاضحی کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کی سہ پہر سوک سینٹر کے کمیٹی روم میں خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران اور ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز بھی موجود تھے۔
کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کہا کہ عوام کو یہ احساس دلانے کے لیے کہ ان کے ادارے مربوط طریقے سے انھیں تمام تر سہولیات پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک بھی عید الاضحی کے ایام میں لوڈ شیڈنگ نہیں کریگی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا کہ بہت بھرپور اور موثر انداز میں تمام شہری سہولتیں فراہم کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوشش ہے، ضلعی میونسپل کارپوریشنز اپنے اپنے علاقوں سے آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے کاموں کی ذمے دار ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی انھیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔
فیومیگیشن کے حوالے سے بھی اوقات کار طے کرلیے گئے ہیں جبکہ سٹی وارڈنز بھی عیدالاضحی کے موقع پر مختلف اہم مقامات پر اپنے فرائض انجام دیں گے جبکہ ضلعی میونسپل انتظامیہ کی جانب سے مانیٹرنگ کا نظام بھی مکمل ہے، ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ شہریوں کے لئے یقیناً یہ خوش خبری ہوگی کہ عید کے ایام میں ڈبل سواری پر پابندی نہیں لگائی جائے گی جبکہ شہریوں کو سمندر پر بھی جانے کی اجازت ہے مگر سمندر میں نہانے کی اجازت نہیں۔
کراچی میں 26 ہزار کی پولیس نفری موجود ہے اور اتنے بڑے شہر کے لیے اس نفری ہی سے مختلف مواقع پر کام لیا جاتا ہے، شہر میں قربانی کے اہم مقامات پر 11 ہزار کی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ نماز عید کے اجتماعات کے لیے 9 ہزار نفری حفاظتی اقدامات کے لیے موجود ہوگی، کھالوں کے جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پہلے سے موجود ہے۔
اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور جس نے اس پر عمل نہیں کیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ قطب الدین شیخ نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے ہمارے ساتھ تعاون کیا تو عید کے ایام میں عوام کو پانی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،واٹر بورڈ کے دفاتر عید کے تینوں دن کھلے رہیں گے۔