کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سانحہ بلدیہ کی از سر نو تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر بلدیہ فیکٹری کا دورہ کیا اور چوکیداروں سے تفتیش بھی کی ہے۔ بلدیہ فیکٹری میں لگنے والی آگ کی از سر نو تحقیقات کیلئے بنائی گئی تفتیشی ٹیم نے بلدیہ فیکٹری کا دورہ کیا ہے۔
جس میں حساس اداروں ، رینجرز اور پولیس کے افسران شامل تھے ، ٹیم نے بلدیہ فیکٹری کا تفصیلی معائنہ کیا اور فیکٹری کے تین چوکیداروں سے تفتیش بھی کی ہے ۔ ٹیم کو بیان دیتے ہوئے چوکیداروں علی، ارشد محمود اور فضل نے بتایا ہے کہ فیکٹری نذر آتش ہونے سے قبل کوئی اندر داخل نہیں ہوا۔
فیکٹری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند رکھنے کی سختی سے ہدایت تھی۔ جس وقت آگ لگی اس وقت فیکٹری کے دروازوں پر تالے لگے ہوئے تھے اور کھڑکیاں بند تھیں۔ فیکٹری کا معائنہ کرنے کے بعد تفتیشی ٹیم فیکٹری میں شارٹ سرکٹ سے آگ کی رپورٹ کو رد کر دیا ہے۔