کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی سیاست میں ہلچل کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر قائد کی سیاست میں پہلے ایم کیو ایم کے باغی رہنما سابق سٹی ناظم مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے انٹری دی اور اب متحدہ قومی موومنٹ کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔
حماد صدیقی سانحہ بلدیہ کی تفتیش کے مطابق نامزد ملزم ہیں اور جوائنٹ انٹروگیشن رپورٹ میں حماد صدیقی سمیت آٹھ ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ حماد صدیقی شہر کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کراچی آپریشن کے بعد دبئی میں روپوش ہو گئے تھے اور اب انتہائی اہم وقت میں اپنی انٹری دی ہے۔
حماد صدیقی دو ہزار نو سے دو ہزار تیرہ تک ایم کیو ایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج رہے تھے۔ قائد ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کرنے کے بعد حماد صدیقی بیرون ملک چلے گئے تھے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حماد صدیقی کو مفرور بھی قرار دیا ہے۔ اب حماد صدیقی کراچی پہنچ چکے ہیں اور دیکھنا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے قائد سے محبت کا ثبوت دیتے ہیں یا پھر گلے شکوے کیلئے مصطفیٰ کمال یا انیس قائم خانی جیسی دھواں دھار پریس کانفرنس کرتے ہیں یا پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی گرفتاری دیتے ہیں۔