کراچی : بلدیہ کورنگی کا بغیر اجازت سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کھدائی اور بلڈنگ میٹریل اور کوڑا کرکٹ گلیوں ،شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا اعلان۔
بلدیاتی افسران کو ان غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے علاقائی نگرانی اور مرتکب افراد کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت کاروائی کرکے عوامی مسائل پیدا کرنے والوں کو گرفت میں لینے کی ہدایت۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے تعمیر کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت اور عوامی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے جاری بلدیاتی انتظامات کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوامی خدمات کی انجام دہی کے حوالے سے محکمانہ کارکردگی کو فعال اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لئے نگرانی کا موثر نظام قائم کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئر مین اور بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر جاری ترقیاتی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے امور کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مختلف علاقوں میں شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر پھیلے بلڈنگ میٹریل اور کوڑا کرکٹ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اہم شاہراہوں ،فٹ پاتھوں سے کوڑا کرکٹ ،مٹی او ر ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جائے ،روڈ کٹنگ کے حوالے سے عوامی شکایات پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ زیر زمین یوٹیلیٹی سروسز فراہمی کرنے والے ادارے ضلع کورنگی کی حدود میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کھدائی سے پہلے بلدیہ کورنگی سے اجازت حاصل کریں۔
سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو نقصان پہنچا کر عوامی سہولت کی فراہمی میں رخنہ اندازی قطعی برادشت نہیں کیا جائیگا اس حوالے سے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی نگرانی کا نظام قائم کریں اور ایسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرکے عوام کو سہولت پہنچائیں۔