کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ضلع کورنگی میں شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کے ساتھ برساتی نالوں پر قائم تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے کے افسران سے کہاہے کہ علاقائی سطح پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے برساتی نالوں کو مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا رکھا جائے۔
اس حوالے سے عوامی آگاہی پید اکی جائے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو کے ہمراہ کورنگی زون کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے جاری اقدامات اور برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین وائس چیئر مین اور وارڈ کونسلرز کے علاوہ سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی طارق مغل ،XENایم اینڈ ای نثار سومرو اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے علاقائی سطح پر جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنا یا جائے اور علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ عوامی آمد و رفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
کورنگی زون میں قائم برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے چیئر مین سید نیئر رضا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی افادیت کو قائم و دائم رکھنے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں برساتی نالوں کی مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا رکھ کر نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے ساتھ صحت مند ماحول کا قیام بھی ممکن بنا یا جاسکتا ہے۔
چیئر مین سید نیئر رضا نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ برساتی نالوں کو تجاوزات اور تعمیرات قائم کرنے سے گریز کریں اور نالوں میں کوڑا کرکٹ اور کچرا نہ ڈالیں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے برساتی نالوں کو صاف ستھرا رکھ کر علاقائی سطح پر نکاسی آب کے نظام کو درست اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا ئی جاسکے۔ پبلک ریلیشن آفیسر ۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی