کراچی : بلدیہ کورنگی میں کام چور اور گھوسٹ افسران و ملازمین کی شامت ،ملازمین کی حاضری مکمل مانیٹر اورتمام زونز میں تنخواہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت حاضری سے ادا کی جائیگی ۔محکمہ جاتی سربراہان کو اپنے محکموں کو فعال بنا نے ،خود اور ماتحت عملے کو دفتری اوقات کا پابند بنا نے کی ہدایت۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضانے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کی اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو اور سپرٹنڈنگ انجینئر طارق مغل بھی شریک تھے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے اجلاس میں بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کی محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور محکماجاتی سربراہان کو ہدایت کی غیر حاضر ی کو معمول بنا نے اور گھوسٹ ملازمین کی تنخواہ بند کردی جائے انہوںنے کہاکہ گھوسٹ اور غیر حاضر ملازمین ادارے پر بوجھ ہیں ان سے جان چھڑائی جائے۔
چیئرمین نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں خصوصاً زیر انتظام طبی مراکز اور اسکولوں کو فعال اور جدید طریقوں سے استوار کیا جائیگا انہوں نے افسران وملے کو تاکید کی کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا ئیں ،علاقائی ترقی اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ بہتر محکمانہ کارکردگی پر افسران و ملازمین کو سرہا اور غفلت کے مرتکب افسران وملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں گے۔