بلدیہ کورنگی کا ضلع بھر میں برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات، رین ایمرجنسی پر عملد رآمد جاری

Korangi

Korangi

کراچی (خصوصی رپورٹ) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہا ہے کہ وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میںبرساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور مزید متوقع برسات کے پیش نظر عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد جاری رہیگا ،بلدیہ کورنگی میں افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اور علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے تمام ضلع کورنگی کے تمام زونز میں شکایتی مراکز کو فعال کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن ،سپر ٹینڈنگ انجینئر پریم چند ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ، شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی کے فوکل پرسن اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کا ہنگامی دورہ کرکے سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی اور صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے افسران وعملے کو ہدایت کی کہ تندہی کے ساتھ دوران برسات اور برسات کے بعد عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے۔

انہوں نے کہاکہ مزید متوقع برسات کے پیش نظر الرٹ رہا جائے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے کہاکہ سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کے آخری قطرے کی نکاسی تک ضلع کورنگی میں برسات کے حوالے سے ہنگامی پلان پر عملدرآمد جاری رہیگا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے ضلع کورنگی کے تمام زونز کو ہدایت کی کہ برساتی پانی کی شاہراہوں اور گلیوں سے بروقت نکاسی کے ساتھ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا یا جائے اور مکھی مچھروں کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔