کراچی : بلدیہ کورنگی کے تحت 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت ہنگامی بنیادوں پر تعمیر و ترقی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے اقدامات جاری ،ہفتہ وار تعطیل کے باوجود بلدیہ کورنگی کے منتخب یوسیز میں ترقیاتی منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں کے ساتھ علاقائی سطح پر بلدیاتی امور کی بہتری کا کام جاری رکھا گیا ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام شہر کراچی کی تعمیر و ترقی کے ساتھ کراچی کی عوام کو مسائل کے بھنور سے نکالے گا۔
عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے ماڈل گلیوں کے ساتھ ماڈل کچرا کنڈیاں تعمیر کی جارہی ہے تاکہ عوام کو صحت و صفائی سمیت دیگر بنیادی مسائل سے چھٹکار دلا کر مسائل سے پاک مثالی معاشرہ فراہم کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ہفتے کے روز شاہ فیصل زون میں 100روزہ تعمیرکراچی پروگرام کے تحت ماڈل کچرا کنڈیوں کی تعمیر اتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور یونین کمیٹیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔چیئر مین سید نیئر رضا نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے اور منصوبے کو جلدازجلد تکمیل کو یقینی بنا یا جائے انہوں نے 100روزہ تعمیر کراچی کے تحت بلدیہ کورنگی کے ملیر ماڈل کالونی ،شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کی منتخب یوسیز پر جاری تعمیر و ترقی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوامی تجاویز اور منتخب نمائندوں کی مشاورت کے ساتھ علاقائی ترقی اور انتظامات کو یقینی بنا یا جائے ۔اس موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ منتخب یوسیز میں 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کی تکمیل کے بعد ضلع کورنگی کے چپے چپے میں ترقی کا جال بچھا کر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلایا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ ماڈل کچرا کنڈیاں اور گلیاںنہ صرف دیرپا عوامی سہولت فراہم کرینگی بلکہ علاقائی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنیں گی چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے بلدیہ کورنگی کا ساتھ دیں ہمارا عزم ہے کہ ہم باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو مسائل سے پاک اور اس کی ترقی کو یقینی بنا کر شہر کراچی کا ماڈل ضلع بنائیں گے۔