کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی کا کھیل کے ہر شعبے میں ٹیلنٹ کو اُجاگر کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اولمپکس منعقد کرنے کا اعلان ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد علاقائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کراکر کھیل کے ہر شعبے میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گل بلوچ فٹ بال گرائونڈ صدیق گوٹھ شاہ فیصل کالونی میں آل کراچی فٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کے علاوہ ٹورنامنٹ کے منتظمین اور کھیل سے وابستہ شخصیات موجود تھیں۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاحی کیا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ بلدیہ کورنگی جہاں علاقائی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے وہیں ضلع کورنگی میں صحت مند تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی نے کھلاڑیوں سے کہاکہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ اپنی صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھیں بلدیہ کورنگی کھیل اور کھلاڑیوں سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دے گی اسپورٹس آرگنائزرز اور کھلاڑیوں کے باہمی تعاون کے ذریعے بہت جلد بلدیہ کورنگی ڈسٹرکٹ اولمپکس منعقد کریگی جس میں کھیل کے تمام مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔
چیئرمین سید نیئر رضا نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود ہم عوامی خدمت کے سچے جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ انجام دے رہیں شہری اور دیہی تفریق کا خاتمہ ہمارا ویژن ہے اور انشا اللہ تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی کاموں اور بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنا کر گوٹھوں کے مکینوں کو بھی مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنایا جائیگا۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ٹورنامنٹ آرگنائزرز کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے منتظمین اور کھلاڑیوں کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقینی دلایا۔