کراچی : بلدیہ کورنگی میں 100روزہ عوامی خدمت کا 15واں روز ،صفائی وستھرائی کے عمل کی بہتری کے ساتھ ،سڑکوں فٹ پاتھوں اور گلیوں کی پیچ ورک کارپیٹنگ کے ساتھ تجاوزات و رکاوٹوں کے خاتمہ اور چورنگیوں و چوراہوں کی تزئین و آرائش کا کام پہلے مرحلے میں آغاز کردیا گیا۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ باہمی ٹیم ورک کے ساتھ عوامی تعاون کے ذریعے 100روزہ عوامی خدمت پلان پر مکمل عملدرآمد کرکے ضلع کورنگی کو ترقی سے ہمکنار اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں گے ،مہم کے دوران صفائی وستھرائی کے نظام کو مکمل بہتر بنانے کے ساتھ علاقائی خوبصورتی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی چیئر مین فوکل پرسن شاہ فیصل کریم الدین ،وائس چیئر مین محمد عین الحق ،یوسی 8کے چیئر مین باری ،وائس چیئر مین صفدر کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ کرکے 100روزہ عوامی خدمت پلان کے تحت بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وارڈ سطح پر منتخب نمائندوں کے تعاون سے علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنا نے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی کے ساتھ عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
انشا اللہ 100روزہ مہم کے دوران منتخب نمائندوں اور افسران کے باہمی ٹیم ورک کے ساتھ عوامی تجاویز و تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو شہر کا مسائل سے پاک ترقی سے ہمکنار ضلع بنا ئیں گے۔