کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی کے تحت 100 روزہ عوامی خدمت ہمارا کراچی پلان پر تیزی کے ساتھ عمل درآمد جاری ،شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،لانڈھی اور کورنگی زونز میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور نئے لائٹیں نصب کرنے کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں پارکوں اور گرین بیلٹس کی تعمیر وترقی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے انتظامات جاری ہیں۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاہے کہ ضلع کورنگی کی ترقی اور مسائل سے نجات دلا نے کے حوالے سے عوامی خدمت کے کاموں میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا افسران وملازمین اپنے فرائض نیک نیتی اورذمہ داری کے ساتھ انجام دیکر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل سے نجات اور ضلع کورنگی کو شہر کا خوبصورت ضلع بنا نے کے لئے اپنی کاوشون کو بروئے کار لائیں۔
ضلع کورنگی میں بلدیاتی انتظامات کی بہتری خصوصاً صفائی وستھرائی کے نظام کو مثالی اور ماڈل کچرا کنڈیوں کی تعمیر کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار چیئر مین سید نیئر رضا نے محکمہ بی اینڈ آر بلدیہ کورنگی کے انجینئرز اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے متعلقہ افسران خصوصاً انجینئرز کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے تعمیر کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں عوام کی دیرپا سہولت کے لئے یقینی بنا ئی جائے۔
ترقیا منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال اور ترقیاتی عمل کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے چیئر مین بلدیہ کورنگی نے کہاکہ 100روزہ عوامی خدمت کے حوالے سے جاری مہم کے دوران علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی سطح پر ماڈل کچرا کنڈیوں کی تعمیر کے حوالے سے کاموں کا آغاز کیا جائے نیئر رضا نے افسران سے کہاکہ 100روزہ عوامی خدمت پلان کے تحت ترتیب دیئے گئے لائحہ عمل پر تیز ی کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائے۔
علاقائی سطح پر جاری انتظامات کی بہتری کے حوالے سے متعلقہ یونین کمیٹیز کے چیئر مین،وائس چیئر مین اور وارڈز کونسلرز سے مکمل مشاورت کو بھی یقینی بنا یا جائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ انشا اللہ 100روزہ مہم کے دوران ضلع کورنگی میں بلدیاتی مسائل کا خاتمہ اور عوام کو مثالی ماحول کی فراہمی یقینی بنا ئیں گے۔